مزید خبریں

بدین ،عالمی یوم مزدور کے موقع پر مزدور اتحاد کی ریلی

بدین(نمائندہ جسارت )عالمی یوم مزدور کے موقع پر بدین میں مزدور اتحاد کی ریلی اور پیپلز لیبر بیورو کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد شگاگو کے مزدوروں کی عظیم قربانی اور جدوجہد پر خراج تحسین ، سیاسی سماجی شخصیات کی جانب سے پاکستان میں اپنے حقوق سے محروم محنت کشوں کو ان کے حقوق اور روزگار کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ ۔عالمی یوم مزدور یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر بدین میں آرمی ویلفیئر شوگر ملز بدین کے زیراہتمام مزدور اتحاد کی جانب سے شگاگو کے مزدوروں کی یاد میں ریلی نکالی گئی اور بدین پریس کلب کے سامنے مظاہرہ بھی کیا گیا۔اس موقع پر مزدور رہنماؤں اقبال بریار ، رشید گوپانگ ، کامریڈ عبدالرحمن سومرو اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج بھی پاکستان میں محنت کش طبقہ اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے ، پاکستانی محنت کش ہاری مزدوری سرمایہ دار جاگیردار مل مالک کے ظلم ستم کا شکار ہے ، بڑے سرمایہ کاروں اور حکمران شخصیات کے علاوہ طاقتور اداروں کے تحت چلنے والی فیکٹریوں ملوں کارخانوں اور زرعی فارمز کے ملازمین کے روزگار ملازمت کو تحفظ نہیں ، فیکٹریوں ملوں اور کارخانوں میں محنت کشوں کو تنظیم سازی اور یونین بنانے کا حق نہیں دیا جا رہا۔یوم مئی لیبر ڈے کے موقع پر پیپلز لیبر بیورو بدین کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی اور پیپلز لیبر بیورو کے ضلعی صدر زاہد حسین چانڈیو ، جنرل سیکرٹری محمد رفیق میمن ،سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی انصاری ، سردار میر ہوت ،بشیر احمد راہوجو اور عہدیدران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد امریکا کے شہر شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو یاد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے بعد آنے والی پیپلزپارٹی کی حکومت میں محنت کش طبقہ کو مرعات سے نوازا گیا تنخواہوں میں تاریخی اضافہ کیا گیا . چھوٹے ملازمین اور محنت کش کے روز گار کو تحفظ فراہم کیا گیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سرمایہ کاری نظام کا خاتمہ کر کے محنت کش کو اس کے حقوق دلوانے کے لئے عملی اقدامات کئے ۔یوم مزدور کے موقع پر جی ڈی اے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار سابق پارلیمانی لیڈر حسنین مرزا اور جی ڈی اے رہنما حسام مرزا کے علاوہ عوامی جمہوری پارٹی کے مرکزی صدر خادم ٹالپور ، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی نائب صدر ایڈووکیٹ امیر آزاد پھنور نے یوم مئی لیبر ڈے کے موقع پر اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ یکم مئی انسانی تاریخ میں محنت و عظمت اور جدوجہد سے بھرپور استعارے کا دن یکم مئی ہے۔ 1886ء میں شکاگو میں سرمایہ دار طبقے کے خلاف اٹھنے والی آواز، اپنا پسینہ بہانے والی طاقت کو خون میں نہلا دیا گیا، مگر ان جاں نثاروں کی قربانیوں نے محنت کشوں کی توانائیوں کو بھرپور کر دیا۔ مزدوروں کا عالمی دن کار خانوں، کھتیوں کھلیانوں، کانوں اور دیگر کار گاہوں میں سرمائے کی بھٹی میں جلنے والے لاتعداد محنت کشوں کا دن ہے اور یہ محنت کش انسانی ترقی اور تمدن کی تاریخی بنیاد ہیں۔آج ہم عالمی یوم مزدور کے موقع پر شکاگو کے ان محنت کشوں کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے مزدور دنیا کے کسی بھی خطے سے تعلق ہو پاکستان ہو یا شکاگو قابل قدر و عظمت ہے ان کی اس عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے پاکستانی محنت کشوں کے ان کے جائز حقوق قانونی مرعات کی فراہمی کے علاوہ ملازمین کے روز گار کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔