مزید خبریں

چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، محسن نقوی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ہوگی اور پاکستان میں ہی ہوگی، ہماری تیاریاں جاری ہیں،کہیں ایک موقع پر بھی تیاری نہیں رکے گی۔ کراچی میں قائم حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور متصل اوول کرکٹ گراؤنڈ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں نہ آنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، نہ ہی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں نہ ہونیکی کوئی وجہ ہے، ہائبرڈ ماڈل کی کوئی بات نہیں ہے، ہم نے شیڈول بھیج دیا ہے تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی، بھارت پروپیگنڈا کر رہا ہے تو آپ لوگ بھی کریں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 8 کی 8 ٹیمیں پاکستان آئیں گی، نیشنل اسٹیڈیم میں کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کرنا ہے، دن رات یہیں بیٹھ جائیں گے، اسٹیڈیم کے ترقیاتی کام کے لیے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ رکھے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آج صبح انگلینڈ سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان ہوگا۔ انہوں نے اس بات کے عزم کا اعادہ کیا کہ کرکٹ کا پیسا کرکٹ پر لگے گا، یہ بینکوں میں نہیں رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی والا معاملہ اتنا بڑا نہیں، وہ ادارہ بھی میرے ماتحت ہے، جو ہوگا اندرونی طور پر حل کریں گے۔