مزید خبریں

علی امین کی طلبی ،پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل کر دیا

پشاور(آن لائن) الیکشن کمیشن نوٹس کے خلاف وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی درخواست پر سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے وکیل سید سکندر حیات شاہ اور ملک سمیع اللہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت نے الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل کردیا اور عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔وکیل درخواست گزار سکندر
حیات شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیش ہونے کی ہدایت کی ۔الیکشن کمیشن نے 2022/23 گوشواروں کی وضاحت کے لیے نوٹس جاری کیا تھا،یہ پچھلے سالوں کی گوشواروں کی وضاحت مانگ رہی ہے،یہ اختیار ان کو نہیں ہے۔2024 کے گوشوارے میں انھوں نے اثاثہ جات کی وضاحت دی ہے۔ ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی اسکروٹنی کے وقت اثاثہ جات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی تھی، یہ سب چیزیں الیکشن کمیشن کے ویب سائٹ پر موجود ہیں، عدالت نے الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔سماعت 22 مئی تک ملتوی کردی۔