مزید خبریں

موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں تعاون کریں گے، پولینڈ سفیر

لاہور (کامرس ڈیسک) پاکستان میں پولینڈ کے سفیر میسائیج پسارسکی نے کہا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے کافی متاثر ہوا ہے، پولینڈ کے پاس اس شعبے میں مہارت ہے جو اس کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے، اس سلسلے میں ایک وفد مئی کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے تاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور نجی شعبے سے بات چیت کی جا سکے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے سفیر کو یقین دلایا کہ وفد کا بہترین استقبال اور بامعنی ڈائیلاگ کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ سفیر نے اپنے خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں خطاب کے دوران کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ تھرڈ سیکرٹری ایمبیسی آف پولینڈ سرگیوس موسکل اور پولینڈ کے اعزازی قونصل احمد حسنین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔سفیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی جیسے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پولینڈ اور پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانا ہوگا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے پولینڈ سے ٹیکنالوجی پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔سفیر نے کہا کہ یورپی یونین پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی منڈی ہے، پولینڈ نے پاکستان کو جی ایس پی پلس میں شامل کرنے کی حمایت کی جس کے تحت پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈی تک رسائی حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی یورپ کو برآمدات کے لیے پولینڈ ایک اہم گیٹ وے کے طور پر کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولینڈ اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھ رہی ہے۔ پولینڈ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ سفیر نے کہا کہ پولینڈ کی آئل اینڈ گیس کمپنی پاکستان کے صوبہ سندھ میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ پاکستان کے لیے تیزی سے بڑھتی ہوئی برآمدی منڈیوں میں سے ایک ہے۔