مزید خبریں

یورپی ممالک فلسطین کو جلد تسلیم کر لیں گے، جوزف بوریل

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے امید ظاہر کی ہے کہ مئی کے آخر تک کئی یورپی ملک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیں گے۔یہ بات انہوںنے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کی کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ خبررساں اداروں کے مطابق مارچ میں 4یورپی ممالک اسپین، آئرلینڈ، مالٹا اور سلووینیا نے اعلان کیا تھا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ چاروں ممالک کے اس اعلان پر اسرائیل نے یورپی یونین کے ارکان سے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا یہ اعلان دہشت گردی کے لیے انعام ہے۔ ہسپانوی وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے کہا تھا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ ان کا ملک جولائی تک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ یورپی یونین میں جلد ہی ایسی لہر پیدا ہو گی جس کے بعد کئی رکن ممالک اس موقف کو اختیار کر لیں گے۔دوسری جانب امریکا کی ریاست ایریزونا میں 3 انتہا پسند یہودیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ملزمان نے فلسطینی حامی مظاہرین کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا تھا اور گاڑیوں پر توہین آمیز کلمات بھی لکھے تھے۔ ملزمان نے جنوری میں 16 گاڑیوں پر اسکرو ڈرائیور سے فلسطینیوں کیخلاف جملے لکھے تھے۔ انہوں نے فلسطین کی حمایت کرنے والوں کو کم از کم 45 ہزار ڈالرز کا نقصان پہنچایا۔ انتہاپسندانہ کارروائیوں میں ملوث خاتون لیزا کارلووسکی ریپبلکن جیوش کولیشن کی ڈائریکٹر رہ چکی ہے جبکہ گاڑیوں کو نقصان پہنچانے والا دوسرا ملزم میتھیو کارلووسکی ڈاکٹرہے۔