مزید خبریں

اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر موصول

کراچی ( کامرس رپورٹر) ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 29 اپریل 2024ء کو اپنے اجلاس میں اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت دوسرا جائزہ مکمل کرلیا اور پاکستان کے لیے 828 ملین ایس ڈی آر کی رقم منظور کرلی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط موصول ہوگئی۔ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئی ایم ایف سے رقم موصول ہونے تصدیق کردی۔چنانچہ 29 اپریل 2024ء کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو آئی ایم ایف سے اپنے اکاؤنٹ میں 828 ملین ایس ڈی آر (تقریباً 1.1 ارب ڈالر) موصول ہوگئے۔ 3 مئی 2024ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ ذخائر میں یہ رقم ظاہر ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت پاکستان کے لیے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔20 اپریل کو آئی ایم ایف نے اجلاس کا شیڈول جاری کردیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ 29 اپریل کو نائجریا کے قرض پروگرام کا جائزہ لیا جائے گا، بعد ازاں یکم مئی کو ہونے والے اجلاس میں کریباتی اور مونٹی نیگرو کے پروگراموں کا جائزہ لیا جائے گا، تاہم پاکستان کا نام فہرست میں شامل نہیں تھا۔آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام دونوں کے سابقہ بیانات میں عندیہ دیا گیا تھا کہ بورڈ 29 اپریل کو اجلاس میں ایس بی اے پروگرام کے تحت ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط جاری کرنے کی منظوری دے گا، جس کا معاہدہ جون 2023 میں ہوا تھا۔یاد رہے کہ 20 مارچ کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پا گیا تھا۔