مزید خبریں

ملک کو آئی پی آر کی خلاف ورزیوں سے 800 ارب روپے کا نقصان ہوا

کراچی ( کامرس رپورٹر )ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری

(FDI)کو راغب کرنے اور اسے برقرار رکھنے کیلئے انٹیلیکچوئل پراپرٹی حقوق(IPR)کا موئثر تحفظ ضروری ہے۔ او آئی سی سی آئی کے کے آئی پی آر سروے 2023کے مطابق آئی پی آر کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے قومی خزانے کو 800ارب روپے کا نقصان ہوا۔ اسی طرح کمپنیوں کو بھی آئی پی آر کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے ٹرن اوور میں مجموعی طورپر20فیصد نقصان ہوا۔ان خیالات کا اظہار او آئی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو اور سیکریٹری جنرل محمد عبدالعلیم نے او آئی سی سی آئی کے آئی پی آر مینوئل ‘پاکستان میں انٹیلیکچوئل پراپرٹی حقوق کا ارتقاء: او آئی سی سی آئی کا موقف’ کے دوسرے ایڈیشن کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن آف پاکستان (IPOP)کے چیئرمین فرخ امل نے کہاکہ انٹلیکچوئل پراپرٹی متعدد طریقوں سے ترقی میں براہِ راست منسلک ہے اور بااختیار بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے نچلی سطح حتیٰ کہ اسکول ہی سے انٹلیکچوئل پراپرٹی کے بارے میں آگاہی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ نوجوان نسل کو عالمی منظرنامے کے علم اور معیار ات سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ اس ایڈیشن کے اجراء کا مقصد سرمایہ کاروں اورتخلیق کاروں کی سہولت کیلئے پاکستان میں آئی پی آر قوانین کے مختلف پہلوئوں کی جامع انداز میں رہنمائی فراہم کرناہے۔ اس اشاعت سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں آئی پی آر کے نظام کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور یہ ایڈیشن قانون کے طلباء اور پریکٹیشنرز، ریگولیٹرز اور جدّت پسندوں اورایجادات کے کلچر کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے آئی پی آر سے متعلق مفیدمعلومات فراہم کرے گا۔ اس موقع پر مارٹن ڈائو گروپ کے ڈائریکٹر لیگل اینڈ انٹلیکچوئل پراپرٹی عثمان جاویدالطاف نے کہاکہ آئی پی آر کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے صارفین کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے اور صارفین نادانستہ طورپر جعلی یا غیر معیاری مصنوعات خرید رہے ہیں جس سے ان کی صحت اورحفاظت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن آف پاکستان (IPOP)کو ملک میں آئی پی آر کے نفاذ کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔ او آئی سی سی آئی کے اراکین کا کہنا ہے کہ ملک میں آئی پی آر کا ایک جامع قانون موجود ہے صرف اس کے مزید نفاذ کی ضرورت ہے اور انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن آف پاکستان اس بات کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آئی پی آر کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔
سونے کی قیمت میں500 روپے کمی
کراچی ( بزنس رپورٹر )سونے کی فی تولہ قیمت 500 روپے کم ہوگئی۔ پیر کو فی تولہ سونے کا بھا500 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 43 ہزار 900 روپے رہ گئے جبکہ دس گرام سونے کا بھائو429 روپے کم ہوکر 209105 رہے۔ عالمی بازار میں سونے کا بھائو ڈالر کم ہوکر 2315 ڈالر فی اونس رہے۔ پاکستان میں سونے کی عالمی قیمت 20 ڈالر پریمیم شامل کر کے 2335 ڈالر فی اونس رہی۔