مزید خبریں

جیکب آباد : پولنگ اسٹیشن میں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کرپشن کی شکایات کا نوٹس

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) پولنگ اسٹیشن میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے میں کرپشن کی شکایات کا نوٹس، الیکشن کمیشن نے ریجنل الیکشن کمشنر کو تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا، بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 9 کروڑ 42 لاکھ جاری کیے گئے، 8 کروڑ 78 لاکھ خرچ کیے جاچکے، اپریل میں 51 لاکھ 46 ہزار ٹھیکیداروں کو جاری، بنا کام کے ادائیگی کی شکایات۔ تفصیلات کے مطابق ضلع میں الیکشن سے قبل سرکاری اسکولوں اور عمارتوں میں قائم کیے گئے پولنگ اسٹیشن میں بنیادی سہولیا ت کی دستیابی کے منصوبے میں کرپشن کی شکایات کا الیکشن کمیشن اسلام آباد نے نوٹس لے لیا، ریجنل الیکشن کمشنر لاڑکانہ کو معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ دینے کا حکم دیا ہے، جس کی تصدیق ضلعی الیکشن کمشنر نے کی ہے۔ جیکب آباد کے پولنگ اسٹیشن میں واش روم، بجلی، پانی کی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت کی جانب سے محکمہ ایجوکیشن ورکس کو 9 کروڑ 42 لاکھ جاری کیے گئے، محکمہ ایجوکیشن ورکس کے افسران نے سیاسی اور سفارشی بنیادوں پر منظور نظر افراد کو ٹھیکے دے کر 8 کروڑ 78 لاکھ جاری کیے، رواں ماہ اس ضمن میں 51 لاکھ 46 ہزار جاری کیے گئے ،لیکن متعدد پولنگ اسٹیشن پر بنیادی سہولیات تک فراہم نہ کی گئیں۔