مزید خبریں

سکھر تعلیمی بورڈ ،مینوئل سسٹم ختم کر کے کمپیوٹرائزڈ کا فیصلہ

سکھر (نمائندہ جسارت) ثانوی و اعلیٰ تعلیمی بورڈ سکھر کے تحت آئندہ برس سے مینوئل سسٹم ختم کرکے کمپیوٹرائزڈ کردیا جائے گا جس کے نتیجے میں طلباء کمپیوٹر اور موبائل کے ذریعے اپنا امتحانی نتیجہ دیکھ سکیں گے۔ یہ بات صوبائی وزیر یونیورسٹی اینڈ بورڈ محمد علی ملکانی نے تعلیمی بورڈ سکھر میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ 2 مئی سے سکھر بورڈز کے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں، تمام طالب علم امتحانات کے دوران کاپی کلچر سے دور رہیں، اس سلسلے میں طلباء کے والدین سمیت سول سوسائٹی اور میڈیا سے گزارش ہے کہ وہ کاپی کلچر ختم کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں، جب تک طلباء کے والدین، سول سوسائٹی اور میڈیا امتحانات کے دوران کاپی روکنے کے لیے ساتھ نہیں دیں گے تب تک یہ کلچر ختم کرنا مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ اکثر امتحانات میں بورڈ کے عملے کی مدد سے کاپی کی جاتی ہے، کاپی کلچر روکنے کے لیے افسران کے ساتھ میٹنگ کرکے ٹیم بنادی گئی ہے جو امتحانی مراکز کا سرپرائز دورہ کرکے کاپی کرنے اور کروانے میں ملوث طلباء اور عملے کے خلاف کارروائی کرے گی، امتحانات کو میں خود بھی مانیٹر کروں گا، اگر کاپی کروانے میں بورڈ کا کوئی بھی عملہ ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر یونیورسٹی اینڈ بورڈ محمد علی ملکانی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس سکھر بورڈ کے ایک ارب 31 کروڑ روپے واجب الادا ہیں، رقم فوری ادا کی جائے۔