مزید خبریں

کچے کے ڈاکوئوں کی تفتیش کیلیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

کراچی (رپورٹ :خالد مخدومی ) کچے کے ڈاکوئوں کی سہولت کاری کرنے والے پولیس اہلکاروں سے تفتیش کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں کی کچے کے ڈاکوئوں کی سہولت کاری سے متعلق حساس ادارے کی وفاقی وزارت داخلہ کو بھیجی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈاکوئوں کی سہولت کاری کرنے والے80 فیصد سے زائد پولیس اہلکار سندھ کے مختلف سیاسی رہنمائوں کی مدد سے پولیس میںبھرتی کیے گئے تھے اور وہ ان کی ہدایات پر مختلف اموار انجام دیتے تھے۔ ان پولیس اہلکاروں سے تفتیش کے لیے سندھ پولیس کے افسران، رینجرز اور دوسرے حساس اداراوں کے افسران پر مشتمل ایک جوائنٹ انوسٹی گیشن کمیٹی کاجلد اعلان کردیا جائے گا، یہ کمیٹی نہ صرف ان پولیس اہلکاروں سے تفتیش کرے گی بلکہ ان کے بیانات کی روشنی میں دیگر کئی اموار کی بھی جانچ پڑتال کر ے گی۔ دوسری طرف کچے کے ڈاکوئوں کی سہولت کاری میں ملوث پولیس اہلکاروں کو کراچی میں کوئی پوسٹنگ نہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس سلسلے میں آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ اہلکاروں کو کراچی میں کوئی پوسٹنگ نہیں دی جائے گی۔ ا نہوں نے کہا کہ پولیس اہل کاروں کے خلاف جرائم پیشہ افراد سے روابط سمیت کئی شکایات تھیں جوکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔