مزید خبریں

اینگروفرٹیلائزرز ڈھرکی انتظامیہ سے ڈیمانڈ منظورکرنے کا مطالبہ

اینگرو فرٹیلائزرز ڈھرکی کے سینکڑوں ملازمین گزشتہ 16 ماہ سے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کے منتظر ہیں۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی کی قیادت میں سیکرٹری جنرل چودھری حسیب الرحمان وڑائچ ایڈوکیٹ، ایسوی ایٹ سیکرٹری جنرل وحید حیدرشاہ ، صوبائی صدر شکیل شیخ، صوبائی جنرل سیکرٹری محمد عمر شر، اعلیٰ سطحی وفد نے ڈھرکی کا ہنگامی دورہ کیا۔ صبح گیٹ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی نے فیکٹری انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر چارٹر آف ڈیمانڈ کو منظور کیا جائے تاکہ بے چینی دور ہو اورمزدور مطمئن ہو کر ادارے کی پیداوار کو چار چاند لگائیں۔ انھوں نے مزدوروں کی امن پسندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنے رویے سے یہ ثابت کیا ہے کہ یہ ادارہ آپ کا اپنا ہے۔ آپ نے ساری جہدوجہد کے دوران ایک پتہ بھی نہیں توڑا اور صنعتی امن برقرار رکھا اور قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا۔ ہم پرامن قانونی جہدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔اینگرو کی پیدوار،سیلاور منافع میں دگنا اضافہ ہوا ہے اس کے باوجود ملازمین کو ان کا حق دینے میں بخل سے کام لینا افسوس ناک ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاکہ اس مسئلے کو فوری حل کرایا جائے صوبائی وزارت محنت اور لیبر ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ ذمہ داران اس مسئلے سنجیدہ لیں اور اپنی ذمہ داری کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کریں خواب خرگوش سے بیدار ہوں اور اس اہم مسئلے پر توجہ دے کراپنی ذمہ داری ادا کریں۔ ہم حکومت سندھ سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس انسانی مسئلے کو پہلی فرصت میں حل کروائیں، انہوں نے ادارے کی انتظامیہ اور مالکان سے مطالبہ کیا کہ یکم مئی کے موقع پراپنے ملازمین کے مطالبات تسلیم کرکے انہیں یوم مزدور پر تحفہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان اس مسئلے کا مقامی سطح پر حل چاہتی ہے اور ہم اسے ملک گیر احتجاج کا ذریعہ نہیں بنانے چاہتے کیونکہ اس وقت پاکستان کو صنعتی امن کی اشد ضرورت اور ہم ایک ذمہ دار فیڈریشن ہیں۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل حسیب الرحمان ایڈوکیٹ اور ایمپلائز یونین کے صدر تشکیل احمد صدیقی، جنرل سیکرٹری طاہر محمود اور سینئر نائب صدر لالہ نصیر نے بھی خطاب کیا اور مطالبہ کیا کہ اینگرو فرٹیلائزر کی انتظامیہ فی الفور ہمارا چارٹر آف ڈیمانڈ منظور کرے۔