مزید خبریں

پیارے کاجنرل باڈی اجلاس

پیارے (پی آئی اے ریٹائرڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن) رجسٹرڈ کا سالانہ اجلاس عام (جنرل باڈی میٹنگ) و عید ملن پارٹی ماڈل کالونی کراچی کے رانا ہال میں ہفتہ 20 اپریل 2024ء کو منعقد ہوئی۔ جس میں PIA کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پیارے کے مرکزی صدر سید طاہر حسن نے کی۔ سینئر نائب صدر پرویز فرید نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ سیکرٹری جنرل محمد اعظم چودھری نے سالانہ حسابات برائے سال 2022-23 پیش کیے۔ رپورٹ اور حسابات جو 24 صفحات پر مشتمل ہیں تمام حاضرین اجلاس میں تقسیم کیے گئے۔ پیارے کی کارکردگی اور خدمات کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کا پروگرام پیش کیا گیا۔

اجلاس عام نے تمام اقدامات کو سراہتے ہوئے بشمول حسابات منظوری دی۔ اجلاس عام سے راولپنڈی سے آئے ہوئے وہاں کے مقامی صدر منصور ڈھلو نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ عام میں PIA کی نجکاری پر تشویش کا اظہار کیا گیا، بالخصوص ریٹائرڈ ملازمین میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا گیا کہ ان کے جائز حقوق و مراعات کا جن کی گارنٹی شرائط ملازمت آئین اور PIACL ایکٹ 2016ء میں بھی دی گئی ہے ان کا کیا بنے گا۔ ان میں پنشن، میڈیکل، پیسج (سفری رعایتی سہولیات) کی کیسے حفاظت اور ضمانت دی جائے گی۔ اجلاس عام میں آرگنائزنگ سیکرٹری کیپٹن (ر) شیخ نجم الغنی نے قرار داد پیش کی، جس کی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی۔

پیارے کے صدر نے شرکائے اجلاس عام کو بتایا کہ PIA پنشنرز کے حقوق کی حفاظت کے لیے تمام امکانی اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان، وزیر نجکاری، چیئرمین اور CEO کو مراسلات بھیجے گئے ہیں۔ SECP سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے، جبکہ PIA کی دیگر تنظیموں بشمول CBA سے بھی متواتر رابطہ میں ہیں۔ ہم کوشش کررہے ہیں، دینے والی ذات صرف اور صرف اللہ تبارک و تعالیٰ کی ہے۔ یہ وقت ہمیں اور آپ کو اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرنے کا ہے۔ پیارے کی جنرل باڈی میں عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا گیا، جس میں عالم حبیب کی سربراہی میں اجلاس نے الیکشن کمیشن کی منظوری دی۔ پیارے کے مرحوم اراکین اور دیگر تمام مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔