مزید خبریں

جیک فرسرمیکگرک 15گیندوں پر نصف سنچری

ممبئی انڈینس کے خلاف دہلی میں 27اپریل 2024کھیلے گئے میچ میں جیک فراسر میکگرک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 منٹ میں27گیندو ں پر گیارہ چوکوں اورچھ چھکوں کی مدد سے84 رنز بنائے۔ اپنی اس اننگز کے دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری15 گیندوں پر مکمل کی جو دہلی کیپٹلس کی جانب سے انڈین پریمیر لیگ میں مشترکہ طور پر سب سے تیز اور کل ملاکر مشترکہ طور پر چوتھی سب سے تیز نصف سنچری کی۔اس سے پہلے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف دہلی میں 20 اپریل 2024کھیلے گئے میچ میں جیک فراسر میکگرک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے28 منٹ میں18 گیندوں پر پانچ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے65 رنز بنائے۔ اپنی اس اننگز کے دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری15گیندوںپر مکمل کی جو دہلی کیپٹلس کی جانب سے انڈین پریمیر لیگ میں سب سے تیز نصف سنچری تھی ۔

انہوں نے ایک ہفتہ بعد اپنا ہی ریکارڈ برابر کیا ہے۔ان سے پہلے دہلی کیپٹلس کی جانب سے انڈین پریمیر لیگ میں سب سے تیز نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ کریس موریس کے پاس تھا جنہوں نے گجرات لائنس کے خلاف دہلی میں27 اپریل2016کو اپنی آئوٹ ہوئے بغیر 82 رنز کی اننگز کے دوران پچاس رنز 17 گیندوںپر مکمل کئے تھے۔ وہ 52 منٹ میں32 گیندوںپر چارچوکوں کی اور آٹھ چھکوں کی مد دسے آئوٹ ہوئے بغیر 82 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف کولکتہ کے ایڈن گارڈنس میں 11 مئی 2023 کوکھیلے گئے میچ میں راجستھان رائلز کے یشوی جیسوال نے دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے62 منٹ میں47 گیندوںپر12 چوکوں اورپانچ چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر98رنز بنائے ۔ انکی اس شاندار اننگز کی بدولت راجستھان رائلز نے کو لکتہ نائٹ رائیڈرز خلاف نو وکٹ سے جیت حاصل کی۔ چودھویں اوور کی پہلی گیند پر انہوں نے چوکا مارکر اپنی ٹیم کو جیت دلائی اگر وہ اس چوکے کی جگہ چھکا لگادیتے تو وہ اس انڈین پریمیر لیگ میں دوسری سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن جاتے۔

بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے یشوی جیسوال نے اپنی نصف سنچری 13 گیندوں پر چھ چوکوں اورتین چھکوں کی مدد سے مکمل کی جو انڈین پریمیر لیگ میں سب سے تیز نصف سنچری ہے۔ یشوی جیسوال نے پاور پلے میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ان سے پہلے بہت کم کھلاڑیوں نے پاور پلے میں نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ایسا کرنے والے ان سے پہلے آخری بلے باز معین علی تھے ۔ دہلی کیپٹلس کے خلاف سن رائزرس حیدرآباد کے ٹریوس ہیڈ نے بھی پاور پلے میں نصف سنچری مکمل کی تھی۔ انہوں نے 16 گیندوںپر ایسا کیا تھا۔چنئی سپر کنگس کی جانب سے راجستھان رائلزکے خلاف ممبئی کے برابورنز اسٹیڈیم میں20 مئی2022 کو کھیلے گئے میچ میں معین علی نے95 منٹ میں 57 گیندوںپر 13چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے جو انڈین پریمیر لیگ میں انکا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ اپنی اس اننگز کے دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری 19 گیندوںپر آٹھ چوکو ں اور تین چھکوں کی مدد سے مکمل کی جو ا چنئی سپر کنگس کے لئے مشتر کہ طور پردوسری سب سے تیز نصف سنچری تھی۔پنجاب کنگز کی جانب سے لوکیش راہول نے دہلی کیپٹلس کے خلاف موہالی میں8 اپریل 2018 کو ہوئے میچ میں16 گیندوںپر چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے51 رنز بنائے تھے ۔ چودہ گیندوںپر مکمل کی تھی انکی نصف سنچری انڈین پریمیر لیگ میں مشترکہ طور پر دوسری سب سے تیز نصف سنچری ہے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے پیٹ کمینز نے بھی ممبئی انڈینز کے خلاف پونا میں6 اپریل 2022 کو چودہ گیندوںپر اپنی نصف سنچری مکمل کی تھی ۔ انہوں نے 19 منٹ میں15 گیندوںپر چار چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 56 رنز بنائے تھے۔