مزید خبریں

ناظم آباد کا پانی چوری کرنے کی ایم کیوایم کی کوشش ناکام بنائیں گے،سید وجیہہ حسن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر سید وجیہہ حسن نے کہا ہے کہ تقریباً چار عشروں سے ناظم آباد کے عوام کی ضرورت پوری کرنے والے واٹر ریزروائر ‘سی’ پمپ سے ایم کیو ایم پانی چوری کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ کوشش فوری روکی جائے، ورنہ منتخب نمائندوں اور علاقے کے عوام کو ساتھ ملا کر بھرپور احتجاج کرینگے۔ وہ ٹاؤن چیئرمین ناظم آباد سید محمد مظفر کے ہمراہ منتخب بلدیاتی نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وجیہہ حسن نے یاد دلایا کہ 80ء کی دہائی میں ناظم آباد کی ضرورت کے پیش نظر اس وقت کے جماعت اسلامی کے منتخب کونسلرز عارف خان اور دستگیر احمد شریف نے ناظم آباد نمبر 1 میں ایک بڑا ریزروائر تعمیر کروایا تھا جو C پمپ کے نام سے معروف ہے۔ پچھلی حکومت کے ایک وزیر نے اپنے حلقہ انتخاب تک پانی پہنچانے کے لیے ناظم آباد کے اس ریزروائر سے پانی کی لائن ڈلوائی جس سے گرین بیلٹ بھی برباد ہوئی۔ اب فارم 47 پر منتخب کرائے گئے ایم کیو ایم ایم این اے ہیوی پمپ نصب کرا چکے ہیں اور خدشہ ہے کہ ناظم آباد کا پانی دوسرے علاقوں کو دیا جانے لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ہوا تو ناظم آباد میں پانی کا شدید بحران ہوجائے گا، کیونکہ سی پمپ بننے کے بعد سے علاقے کی آبادی کئی گنا بڑھ چکی ہے جبکہ کسی حکومت نے ناظم آباد کو پانی کی فراہمی میں اضافہ نہیں کیا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ناظم آباد اور اس کے ریزروائر کا پیچھا چھوڑ دیا جائے۔ دھاندلی سے جتوائے گئے ایم کیو ایم کے لوگ پانی کی ترسیل میں بھی دھاندلی کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی منتخب بلدیاتی نمائندوں اور عوام کی مدد سے اسے رکوائے گی۔