مزید خبریں

پائیدار امن کے بغیر ترقی کا خواب نہ ممکن ہے، یوسف رضا گیلانی

لاہور (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پائیدار امن کے بغیر ترقی کا خواب نہ ممکن ہے، پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے،سی پیک خطے میں گیم چینجز منصوبہ ہے، نوجوانوں کو تعلیم کے میدان میں سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ ہفتہ کو لاہور میں ایک نجی یونیورسٹی کی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پائیدار امن کے بغیر ترقی کا خواب نہ ممکن ہے،پاکستان خطے میں امن،خوشحالی اور غربت کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے،ہمارا ویژن خطے میں پائیدار امن کے لیے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر تمام اسٹیک ہولڈز کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جاسکے، پاکستان نے اس سلسلے میں امریکہ اور افغانستان کے درمیان تنازعات کے خاتمے اور امن کے لئے ڈائیلاگ کا آغاز کیا ہے،پاکستان خطے میں جیواکنا مک پوزیشن کا حامل ملک ہے جو خطے میں سوشو اکنامک ڈویلپمنٹ کے لیے اپنا بھرپور کردا ر ادا کر رہا ہے،دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی خدمات سب سے زیادہ ہیں ،دنیا میں جہاں بھی قیام امن کی ضرورت ہوتی ہے اس سلسے میں پاکستان کی نمائندگی دیگر تمام ممالک سے زیادہ ہے۔