مزید خبریں

قنبر علی خان : پولیس کا مختلف مقامات پر کریک ڈاؤن

قنبر علی خان (نمائندہ جسارت) پولیس کا 2 مختلف مقامات پر ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن، آپریشن پولیس مقابلے کے دوران سندھ وبلوچستان کے ایک زخمی ڈاکو سمیت 2 خطرناک ڈاکوؤں کو پولیس نے گرفتار کرکے اسلحہ اور تاجر سے چھینی گئی رقم 9 لاکھ روپے برآمد کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع قنبر شہداد کوٹ کی سجاول جونیجو پولیس حدود میں گاؤں تیرہ پور کے نزدیک مسلح واردات کے ارادے سے کھڑے ڈاکوؤں اور سجاول جونیجو پولیس کے درمیان دوبدو پولیس مقابلہ شروع ہوگیا جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران سندھ وبلوچستان کے ایک خطرناک ڈاکو محرم علی ولد محمد ادریس مہیسر زخمی ہوگئے جس کے قبضے سے پولیس نے ایک پسٹل اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد کی ہیں۔ دوسری جانب قنبر سٹی پولیس تھانے کے ایس ایچ او اوشاق علی شر نے پولیس کے ہمراہ سجن بلیدی گینگ کے خلاف آپریشن کے دوران ایک خطرناک ایکٹو کرمنل ڈاکو کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے پسٹل اور ایک تاجر عبدالکریم چانڈیو سے چھینی گئی رقم 9 لاکھ روپے نقد برآمد کرکے وہ تمام رقم اصل مالک کے حوالے کی گئی جس نے ایس ایس پی قنبر شہدادکوٹ محمد کلیم ملک کا شکریہ ادا کیا۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی قنبر شہداد کوٹ محمد کلیم ملک نے پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایاکہ گرفتار ڈاکو محرم مہیسر مسلح ڈکیتی سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔