مزید خبریں

جیکب آباد : دورانِ کوریج پریس کلب کے سینئر صحافی پر تشدد

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سینئر صحافی اور نجی نیوز کے ڈسٹرکٹ رپورٹر غوث بخش بلوچ پر دوران کوریج تشدد، ایک دن گزرنے کے باوجود پولیس کارروائی کرنے سے گریزاں۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سینئر ورکنگ صحافی نجی ٹی وی کے ڈسٹرکٹ رپورٹر غوث بخش بلوچ پر اس وقت حملہ کیا گیا جب شہر کے درمیان ہیڈ پوسٹ کے قریب سابق پولیس آفیسر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کسی معاملہ پر محلے کے باسیوں سے اُلجھے ہوئے تھے، اسی دوران نجی چینل کے نمائندے کوریج کرنے اپنی ٹیم کے ہمراہ پہنچے تو ان پر سابق پولیس افسر کے لوگوں نے سٹی پولیس موبائل اور نفری کے موجود ہونے کے باوجود ان کو نہ فقط روکا بلکہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ واقعے کے ایک دن گزرنے کے باوجود پولیس تاحال کسی قسم کی کارروائی کرنے سے قاصر اور بے بس نظرآ رہی ہے۔ اس سلسلے میں صحافی برادری، مزدور اتحاد اور دیگر نے ڈسٹرکٹ پریس کلب سے شہید اللہ بخش پارک چوک تک احتجاج کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سینئر نائب صدر اعجاز میمن، صحافی زبیر ابڑو، محمد رمضان، دوست محمد لاشاری، غوث بخش، مزدور رہنما حاجی غلام نبی رند نے آئی جی سندھ سے ایس ایچ او سٹی اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔