مزید خبریں

اسرائیلی بمباری سے فلسطینی شاعر کی بیٹی خاندان سمیت شہید،پاکستانی یونیورسٹیز میں بھی غزہ مہم کااعلان

غزہ/ تل ابیب/ تہران/ واشنگٹن/ جنیوا/ دوحا /لاہور /پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک /اے پی پی) غزہ اور مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں خواتین بچوں سمیت مزید 17 فلسطینی شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے نصیرت کیمپ، خان یونس اور رفح پر بمباری کی گئی جبکہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے معروف فلسطینی شاعر شہید ڈاکٹر رفعت العرعیر کی بیٹی شیما العرعیر بھی اپنے 2 بچوں اور شوہر سمیت شہید ہوگئیں۔ 4 ماہ قبل ان کے والد بھی ڈاکٹر رفعت العرعیر بھی اسی طرح اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ شیما العرعیر کو الرمل کلینک کے قریب ان کے اپارٹمنٹ میں نشانہ بنایا گیا۔ سی این این اور فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے پناہ گزینوں کے گھر کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی قابض فوج نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران غزہ کی پٹی کی لڑائی کے دوران اپنے11فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ان کی جنگ بندی کی تجویز پر اپنا جواب دیدیا ہے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد ردعمل دیا جائے گا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق قطر میں موجود حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیا نے بیان میں کہا کہ حماس کو مصر اور قطر کے ثالثوں کے توسط سے 13 اپریل کو دی گئی جنگ بندی کی تجویز پر صیہونی قابض ریاست کا جواب موصول ہوچکا ہے۔اسلامی تحریک مزاحمت کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے کہا کہ جنگ بندی اور غزہ کی پٹی سے اسرائیلی انخلا کے بغیر قیدیوں کو رہا نہیں کریں گے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق الجزیرہ سیٹلائٹ چینل کو دیے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ قابض فوج نے ہمارے50 قیدیوں کے بدلے ایک اسرائیلی خاتون فوجی کے تبادلے کی تجویز کو مسترد کر دیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے تعلیمی اداروں میں غزہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ’’وی آر ون سلوگن کے تحت‘‘ جسٹس فار غزہ مہم شروع کر رہی ہے جس کے ذریعے پاکستان کی سول سوسائٹی کو فلسطین کاز کے لیے متحرک کیا جائے گا۔ حسن بلال ہاشمی نے کہا کہ اس کمپئین کے تحت فلسطین کاز اور غزہ کی موجودہ صورتحال سے متعلق تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم چلائے جائے گی، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور امدادی سامان کی ترسیل کے لیے حکومت کے سامنے مطالبات رکھے جائیں گے، مہم کے اختتام پر تعلیمی اداروں میں علامتی بستیاں بھی سجائی جائیں گی، اسلامی جمعیت طلبہ امریکی جامعات میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ لاہور میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی آزاد کشمیر کے طالب علم نے غزہ کے معاملے پر پاکستان میں تعینات جرمن سفیر کے خطاب کے دوران احتجاج کیا۔ طالب علم علی حسن نے عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے دوران جرمنی میں فلسطین کے حق میں احتجاج کرنے والوں کی گرفتاریوں کے حوالے سے سوال کیا۔ طالب علم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یہ سفیر انسانی حقوق پر تقاریر کرتے ہیں اور غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی کرتے ہیں۔ احتجاج کے دوران دیگر طالب علموں نے بھی کانفرنس ہال میں نعرے لگائے۔ احتجاج پر جرمنی کے سفیر نے کہا کہ شور نہ مچائیں‘ بات کریں‘ یہ شور کرنے کا نہیں بات کرنے کا فورم ہے‘ شور مچانا ہے تو باہر جائیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے رفح میں کسی بھی اسرائیلی فوجی کارروائی پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کے تباہ کن انسانی اثرات ہوں گے۔ قطری نشریاتی ادارے سے نشر ہونے والے ایک انٹرویو کے دوران انتونیو گوتریس نے امریکا سے اسرائیل کو رفح پر حملے سے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو دو ٹوک مؤقف لینا چاہیے اور اسرائیل کو رفح پر حملے سے روکنا چاہیے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ منسلک پرتگال کے جھنڈے والے بحری جہاز کے عملے کو قونصلر رسائی دے دی گئی ہے اور توقع ہے کہ انہیں رہا کر دیا جائے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی خبر کے مطابق ایرانی میڈیا نے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے اس اہم بیان کو رپورٹ کیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے پرتگالی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جہاز کے عملے کی رہائی کا انسانی مسئلہ ہمارے لیے سنگین تشویش کا باعث ہے۔