مزید خبریں

انتشار کی کوشش ناکام بنا دینگے، ایچ ڈی اے مزدور یونین

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری انصاف علی لاشاری نے کہا ہے کہ یونین اور ایچ ڈی اے انتظامیہ کی باہمی کاوشوں سے واسا ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے ریلیز ہونے والے فنڈز واسا انتظامیہ کو موصول ہونے کے بعد ملازمین کو تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی شروع ہو چکی ہے لیکن چند شکست خوردہ عناصر جنہیں مزدوروں نے مسترد کر دیا تھا، وہ اپنی ناکام سیاست چمکانے کے لیے مزدوروں میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جنہیں ہم سب اپنے اتحادسے ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم میں بھاری اکثریت سے جیتنے کے بعد مزدور یونین نے اپنے حقوق کے لیے جائز طریقے سے جدوجہد کی ہے لیکن ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نان سی بی اے لوگوں سے کیوں مذاکرات کیے جا رہے ہیں؟ سرکاری کام میں مداخلت کرنے کے الزام میں ناپسندیدہ عناصر کو ملازمت سے فارغ کیا جائے۔ انہوں نے مزدوروں سے اپیل کی کہ وہ اس قسم کے عناصر کی باتوں میں نہ آئیں اور مزدوروں کی تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی فنڈز کی فراہمی سے مشروط ہے۔