مزید خبریں

ملیریا پر قابو پانے کےلیے سب کو کوشش کرنی ہوگی،صدرمملکت

اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت آصف زرداری نے ملیریا پر قابو پانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی ملیریا پروگرام کے تحت نئے اقدامات پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔ جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ملیریا کے عالمی دن
کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر سال 25 اپریل کو ملیریا کا عالمی دن آگاہی پیدا کرنے اور ملیریا کے کنٹرول میں درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ صدر نے کہا کہ ملیریا کی روک تھام ، تشخیص اور علاج ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام کو صحت کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی ملیریا پروگرام کے تحت نئے اقدامات کا مقصد ملیریا کے ہر مشتبہ کیس کی جانچ، تصدیق اور اس کا معیاری علاج کرنا ہے۔