مزید خبریں

کندھکوٹ : امن و امان کی بگڑتی صورتحال کیخلاف ’’کشمور کو امن دو‘‘ ریلی

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) ضلع بھر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال خاص طور پر قتل، اقدام قتل، چوری، ڈکیتی، رہزنی اور اغوا برائے تاوان کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف سماجی تنظیم شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین حاکم علی بھٹی کی سربراہی میں ’’کشمور کو امن دو‘‘ ریلی نکالی گئی۔ منظور احمد کھوسہ، محمد زمان دائو، جیرام بجاج، رفیق احمد چنہ، شاہنواز سولنگی و دیگر شخصیات ، مذہبی ، سیاسی سماجی کارکنوں سمیت عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی شہر کے اہم چوک واحدو چوک سے شروع ہوئی جو شہر کے مختلف گلی محلوں سے گزرتی ہوئی ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں شریک کارکنوں کی جانب سے کشمور کو امن دو کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ ریلی کے شرکاء نے کشمور پولیس سے ضلع بھر میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ کشمور کی صورتحال وانا وزیرستان سے بھی بڑھ کر ہے، لوگ گھروں تک محصور ہو چکے ہیں، بچوں کو اسکول بھیجنا چھوڑ دیا ہے، مزدور ڈر کے مارے مزدوری کرنے نہیں جا رہے، استادوں نے قلم کی جگہ اپنی حفاظت کے لیے بندوقیں اُٹھا کر جا رہے ہیں پھر بھی وہ محفوظ نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمور میں اگر فوری امن قائم نہیں ہوا تو ایک بار پھر دھرنا دیا جائے گا۔