مزید خبریں

فیصل آباد : کاشتکاروں کا وزیراعلیٰ ہائوس کے گھیرائو کا اعلان

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) کاشتکاروں نے حکومت کی ناقص گندم خریداری پالیسی اور کاشتکاروں کے مالی استحصال کے خلاف وزیراعلیٰ ہائوس کے گھیرائو کااعلان کردیا ۔ ملک بھرمیںگندم کی کٹائی کا آغاز ہو گیا لیکن حکومت کی خریداری پالیسی واضح نہ ہونے کی وجہ سے مڈل مین اورآڑھتیوں نے کاشتکاروں کا استحصال کر کے اپنی تجوریاں بھرنا شروع کر دی ہیں، کسانوں کااستحصال بندنہ کیاگیا تو آئندہ برس گندم کاشت نہیں کریں گے۔ المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کسان بورڈ کے ضلعی صدرعلی احمدگورایہ،جنرل سیکرٹری عاصم منیرلونا کے ہمراہ اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گندم کی فصل پر مہنگی کھادوں، سپرے اور بجلی کے بھاری بھر کم بلوں کے بعد جب اس کی کٹائی کا وقت آیا توحکومت کی ناقص پالیسی کے باعث گندم کا کوئی خریدار نہیں ،کاشتکار باردانہ کے حصول کے لیے دھکے کھارہے ہیں ،حکومت کی جانب سے گندم کے باردانہ کے حصول کے لیے بنائی گئی ایپ بھی نہیں چلتی ۔حکومت نے گندم کے سرکاری ریٹ میں اضافہ کے بجائے پچھلے سال والا ریٹ 3900 روپے فی من مقرر کیا ہے لیکن سرکاری سطح پر تاحال گندم کی خریداری شروع نہیں ہو سکی۔