مزید خبریں

نواب شاہ : سندھ ہائیکورٹ کے حکم پرکنزیومر پروٹیکشن ایکٹ سیمینار

نواب شاہ (پ ر) سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شہید بینظیرآباد میں کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2014 کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شہید بینظیرآباد اللہ بچایو گبول نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت پر سندھ کے دیگر اضلاع کی طرح شہید بینظیرآباد میں بھی کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے حوالے معاشرے کے پڑھے لکھے طبقے وکلاء کے ذریعے آگاہی بیدار کرنے اور عوام کو ہر ضلع میں قائم کنزیومر کورٹ کے ذریعے غیر معیاری سروسز فراہم کرنے والے اداروں اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک خریدار اپنے حقوق سے آگاہ نہیں ہوگا وہ اپنے حقوق کا تحفظ نہیں کر سکتا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کنزیومر پروٹیکشن کورٹ کے جج امداد علی کیریو نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کو چاہیے کہ وہ پبلک مقامات سمیت مارکیٹوں اور دیگر نمایاں جگہوں پر اس قسم کے آگاہی سیمینار منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ پمفلٹ آویزاں کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں آگاہی اور شعور بیدار کیا جا سکے۔