مزید خبریں

شکارپور : حفاظتی ٹیکے لگانے کے عالمی ہفتے کا افتتاح

 

شکارپور (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر الطاف احمد چاچڑ نے ضلع میں حفاظتی ٹیکے لگانے کے عالمی ہفتے کا افتتاح کیا اور آگاہی کے حوالے سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شکارپور الطاف احمد چاچڑ نے کہا کہ 24 سے 30 اپریل تک محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر 2 سال سے کم عمر کے بچوں کو 12 بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائیں گی، والدین اپنے بچوں کو 12 خطرناک بیماریوں سے بچائیں، عالمی ہفتہ منانے کا مقصد عوام میں حفاظتی ٹیکوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ حفاظتی ٹیکے لگانے سے محروم بچے بھی 12 بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ اس موقع پر ڈی ایچ او شکارپور ڈاکٹر وسیم الدین شیخ، ایم ایس آر بی یو ٹی سول اسپتال ڈاکٹر نصراللہ سومرو اور دیگر متعلقہ افسران نے اپنے خطاب میں کہا کہ حفاظتی ٹیکوں کا کورس ہر بچے کے لیے ضروری ہے جس کے بعد آپ کے پیارے بچے ان بیماریوں سے محفوظ رہیں گے جن میں پولیو، تپ دق، خناق، کالی کھانسی، تشنج، نمونیہ، ٹائیفائیڈ بخار، اسہال اور قے شامل ہیں، پیریڈ فیور، خسرہ اور روبیلا جیسی بیماریوں سے بچاجا سکے گا، آپ کے قریبی سرکاری اسپتالوں میں مفت اور تربیت یافتہ API ویکسینیٹرز کے ذریعے امیونائزیشن کورس آسانی سے لگوائے جاتے ہیں، اس کے علاوہ یہ ٹیمیں آپ کے گاؤں میں بھی ویکسینیشن کے لیے آتی ہیں، ان کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے ہر بچے کو ویکسین لگائیں۔