مزید خبریں

سندھ ڈاکوؤں کے حوالے کرنے کیخلاف کل ریلی نکالی جائے گی

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ کو ڈاکوؤں کے حوالے کرنے کے خلاف سندھ کی سیاسی و سماجی جماعتوں کی جانب سے کل ریلی نکالی جائے گی۔ ریلی کی تیاری کمیٹی کا اجلاس عوامی تحریک کی مرکزی آفس ڈی ٹین پلیجو ہاؤس قاسم آباد میں ہوا۔  اس موقع پر عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری نور احمد کاتیار، نیشنل پارٹی سندھ کے صدر تاج مری، عوامی جمہوری پارٹی کے رہنما شیر چانڈیو، عوامی ورکرز پارٹی کے رہنما لطیف لغاری، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنما غفار چانڈیو، وطن دوست جمہوری پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عرض محمد رتڑ، پ ٹ الف کے رہنما عبدالوحید لاشاری، غلام حسین لغاری، سماجی رہنما و محقق فہیم نوناری، عبدالقادر رانٹو، ہمت پتافی، فہیم پرویز میمن، غلام حسین، نواب مگسی، کاشف ملاح، اصغر ملانو اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سندھ کو لاقانونیت میں جھونک دیا گیا ہے، حکمران سندھ کے عوام کے ساتھ جنگی قیدیوں جیسا سلوک کر رہے ہیں، رزق حلال کے حصول کے لیے گھر سے نکلے اساتذہ، ڈرائیوروں، پولیس اہلکاروں، مزدوروں اور کسانوں کو ڈاکو اغوا کرتے ہیں اور ان پر وحشیانہ تشدد کرتے ہیں، اساتذہ اور صحافی بھی ڈاکوؤں کے نشانے پر ہیں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ کچے میں ڈاکوؤں کو اسلحہ پہچانے والوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔ اجلاس میں سوال اُٹھایا گیا کہ جو جدید اسلحہ ڈاکو افغانستان سے اسمگل کر رہے ہیں، انہیں روکنا کس کی ذمہ داری ہے؟ اسمگلنگ میں کون سے ہاتھ ملوث ہیں؟ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ شہید صحافی جان محمد مہر، استاد رکھیو نندوانی، پروفیسر اجمل ساوند اور دیگر کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے کڑی سے کڑی سزا دی جائے، پریا کماری سمیت تمام یرغمالیوں کو رہا کیا جائے، اسلحہ اور منشیات کے اسمگلرز کے خلاف فوراً اقدامات کیے جائیں، اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث کرداروں کو سامنے لانے کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔