مزید خبریں

محکمہ تعلیم میں لیکچرار کیلیے مختلف مراکز پر تحریری امتحان

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ پبلک سروس کمیشن نے محکمہ تعلیم(کالج ایجوکیشن)میں لیکچرار بی پی ایس 17 کے لیے مختلف مراکز پر تحریری امتحان کا انعقاد کیا، جس میں 15 ہزار سے زائد اُمیدواروں نے شرکت کی۔ مذکورہ پوسٹ کے لیے کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ کے امتحانی مراکز کا تقرر کیا گیا۔ سندھ پبلک سروس کمیشن نے تمام امتحانی مراکز پر امتحانی مرحلے کو بہتر انداز میں انجام دیا جبکہ اُمیدواروں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر قسم کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ دوسری جانب جوائنٹ انٹیلی جنس امتحان 2020 ء کا زبانی امتحان جاری رہا، جس میں 15 اُمیدواروں سے زبانی امتحان لیا گیا، زبانی امتحان7 مئی تک جاری رہے گا۔ دریں اثنا سندھ پبلک سروس کمیشن نے مختلف شعبہ جات میں تحریری امتحان کے نتائج بھی جاری کر دیے ہیں جس میں 110 اُمیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ محکمہ داخلہ میں پراسیکیوٹنگ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بی پی ایس 17 مرد و خواتین کے لیے کل 45 کامیاب اُمیدوار، محکمہ زراعت میں شماریاتی افسر بی پی ایس 17 کے لیے 43 اُمیدوار، پبلک آفیسر بی پی ایس 16 کے لیے 5 اُمیدوار، سیاحت اور ثقافت میں اسسٹنٹ کنٹرولر، محکمہ قانون و پارلیمانی اُمور میں 17 کے لیے 6 اُمیدوار اور اسسٹنٹ سالیسٹر بی پی ایس 17کے لیے 11 اُمیدوار کامیاب قرار پائے۔