مزید خبریں

حیدرآباد کھنڈر میں تبدیل ،منتخب نمائندوں کو احساس نہیں،عقیل احمد خان

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی حیدرآباد کے امیر عقیل احمد خان نے حیدرآبادسڑ کوں کی تباہ حالی اور جاری ترقیاتی کام التوا کا شکار ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کو اس کے منتخب نمائندوں اور انتظامیہ نے حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے شہری مسائل کا شکار ہیں مگر ان کو کوئی احساس تک نہیں ہے حیدرآبادکے مشہور آٹو بھان روڈ کی سڑکیں تباہ حالی کا منظر پیش کر رہی ہیں ان پر دھول اور مٹی اڑ رہی ہے شہر میں جاری ترقیاتی کام التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے الٹاشہریوں کے لیے وبال جان بن گئے ہیں مگر ہمارے
منتخب نمائندوں اور متعلقہ افسران خواب خرگوش کے مزے لینے میں مصروف ہیں، جبکہ مذکورہ شاہراہ پر دوکاندار بھی اپنا کاروبار نہیں کرپارہے ہیں۔لطیف آباد نمبر7 سے لے کر گدو چوک تک پورا روڈ دونوں اطراف سے کھود دیا گیا ہے جس سے وہاں کے مکینوں اور دوکانداروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ یہی حال مصروف ترین شاہراہ ہالا ناکہ کا ہے یہ شہر کی مصروف شاہراہ ہے جس پر روڈ کھودنے سے دونوں اطراف سارا دن ٹریفک جام رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث صرف ٹریفک جام کے مسائل ہی نہیں بلکہ عوام شدید جسمانی اذیت اور کرب کا بھی شکار ہیں۔ ہر سال سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے مختص شدہ اربوں روپے کا بجٹ کہاں جاتا ہے؟ حکومت اور متعلقہ ادارے شہریوں کی حالت پر رحم کریں اور تباہ حال سڑکوں کی فی الفور مرمت و تعمیر کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سڑکوں کی حالت زار بہتر بنا کر ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ شہریوں کو اس عذاب سے نجات مل سکے۔