مزید خبریں

پاکستان میں دراندازی کیلیے طالبان نے مکمل مدد فراہم کی ،گرفتار دہشت گرد کا انکشاف

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان میں دراندازی کرنے والے افغان دہشت گرد نے انکشاف کیا ہے کہ افغان طالبان نے افغانستان کے بارڈر تک انہیں مکمل مدد فراہم کی۔دہشت گرد حبیب اللہ نے اعترافی بیان میں کہا کہ بلوچستان کے علاقے پشین میں حملے کی منصوبہ بندی افغانستان سے کی گئی، پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے ہمیں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ہمارے 2ساتھی مارے گئے اور میں زخمی ہوگیا۔ مفتی صاحب کی وجہ سے ہم اور ہمارے گھر والے برباد ہوگئے۔واضح رہے کہ 23اپریل 2024 ء کو بلوچستان کے ضلع پشین میں سیکورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتارہوا۔گرفتار دہشت گرد کا نام حبیب اللہ عرف خالد ولد خان محمد ہے۔ حبیب اللہ افغانستان کے علاقے سپن بولدک کا رہائشی ہے۔افغان سرزمین سے دہشت گردوں کے پاکستان پر حملے دوحا معاہدے کی سراسر خلاف ورزی ہیں۔