مزید خبریں

فوج سے کوئی اختلاف نہیں ،ملک ایجنسیز کے بغیر نہیں چلتے،سربراہ اپوزیشن گرینڈ الائنس

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) اپوزیشن گرینڈ الائنس اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمارا فوج سے کوئی اختلاف نہیں ، کوئی بھی ملک ایجنسیز کے بغیر نہیں چل سکتا۔اسلام آباد میں اپوزیشن گرینڈ الائنس کے مختصر اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں یہ الائنس کسی ادارے کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے نہیں بنایا بلکہ پاکستان کو بچانے کے لیے بنایا گیا ہے، ملک اس وقت خطرناک ترین دور سے گزر رہا ہے اور اسے بحرانوں سے اجتماعی سوچ کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جب تک آئین کے دائرے میں نہیں چلے گا، پارلیمنٹ پالیسیوں کا منبع نہیں ہوں گی تب تک مسائل کو حل نہیں کیا جا سکتا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ فوج آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اپنا کام کرے۔انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس میں ہر جماعت کا ایک نمائندہ موجود ہے جبکہ پی ٹی آئی کے نمائندے کو کوآرڈینیٹر بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک بھر میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گرینڈ الائنس کا 5مئی کو کراچی میں جلسہ ہوگا پھر 10مئی کو فیصل آباد میں پنڈال سجائیں گے۔ تمام جگہوں پر جلسوں کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تعاون ہونا چاہیے لیکن میں کہتا ہوں آئیے دو دو نمائندے منتخب کریں اور بیٹھ کر بات کریں، تحریک انصاف سے میں نے بات نہیں کی لیکن میں انہیں آمادہ کر لوں گا کیونکہ ملک کے تمام فیصلے اور پالیسیاں پارلیمنٹ میں بننی چاہیئں۔