مزید خبریں

نواز شریف عمران خان سے بات چیت کیلیے تیار ہیں،رانا ثنا

لاہور(آن لائن) مسلم لیگ( ن) کے رہنماء رانا ثنا نے کہا کہ نواز شریف ملکی مفاد کی خاطرعمران خان سے بات چیت کیلیے تیار ہیں،نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قائد ن لیگ ماضی میں بھی بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلیے آمادہ تھے اور انہوں نے اس کا ثبوت اپنے عمل سے دیا،نواز شریف نے عمران خان کو مذاکرات کی دعوت اس وقت بھی دی تھی جب ملک میں 126دن کا دھرنا جاری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی عوامی پذیرائی زیرو ہے لیکن عام انتخابات میں انہیں مظلومیت اور مزاحمت کا ووٹ ملا ہے۔بانی پی ٹی آئی اس وقت نواز شریف کو برا بھلا کہہ رہے تھے لیکن انہوں نے پھر بھی بات چیت کیلیے عمران خان کی طرف ہاتھ بڑھایا تھا،نواز شریف نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ ملکی مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھتے ہیں۔ نواز شریف کو مزاحمتی سیاست او ر بیانیے کی وجہ سے کافی نقصان اٹھانا پڑا جلا وطنی کاٹنی پڑی اور ان کے کاروبار تباہ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ اتنے بڑے عہدے پر فائز رہے ہیں، انہیں جیب سے قرآن نکال کر قسمیں نہیں اٹھانی چاہیے تھیں، تاہم ان کی بات یہ درست ہے کہ انہوں نے نواز شریف کو لندن نہیں بجھوایا تھا۔