مزید خبریں

پریذیڈنٹ کپ ون ڈے: غنی گلاس نے سوئی ناردرن کو شکست دے دی

راولپنڈی۔(اسپورٹس ڈیسک):پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں غنی گلاس نے ایس این جی پی ایل کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ فاتح ٹیم نے 307 رنز کا ہدف 48ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ حسین طلعت نے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایس این جی پی ایل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے ، کامران غلام نے 103 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے ۔ عبداللہ شفیق 81 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے بازرہے ۔ غنی گلاس کی جانب سے شعیب اختر ، حسین طلعت اور رمیض جونیئر نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں ۔ جواب میں غنی گلاس نے مطلوبہ ہدف حسین طلعت کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت 47.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ حسین طلعت نے 94 گیندوں پر 2 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 122 رنز بنائے ۔