مزید خبریں

بلدیات کے 55 ہزار ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کا معاملہ ٹاؤنز کے سپرد

کراچی( رپورٹ: محمدانور) بلدیہ عظمیٰ نے ضلعی میونسپل کارپوریشن کے ریٹائرڈ اور ریٹائر ہونے والے کم و بیش 55 ہزار ملازمین کی پینشنز کی نظام کی اصلاح کے لیے تیزی سے کام شروع کر دیا ہے، اس ضمن مئیر کراچی مرتضٰٰی وہاب نے سینئر ڈائریکٹر ویلفیئر محمود بیگ کو خصوصی ہدایت جاری کی تھی کہ وہ تمام ضلعی بلدیاتی اداروں کے پنشنرز کے واجبات اور پنشنز کے تمام امور کو متعلقہ بلدیاتی اداروں کے سپرد کردے۔ خیال رہے کہ 25 ٹاؤنز کے تمام ملازمین کے واجبات اور پنشنز اب تک بلدیہ عظمٰی کراچی خود ادا کرتی تھی جو اب میئر کی ہدایات پر متعلقہ ٹاؤنز کے حوالے کر دی گئی ہے جس کے نتیجے اب تمام حاضر سروس ملازمین کو ان کے اپنے ٹائون کے بلدیاتی اداروں سے ہی واجبات اور بقایا جات ملا کریں گے جس پر عمل درآمد جلد ہی شروع کر دیا جائے گا۔سینئر ڈائریکٹر ویلفیئر و پنشن نے بتایا کہ پنشنز اور بقایا جات کی ادائیگی کے امور سمجھنے کے لیے متعلقہ عملے کو خصوصی تربیت دی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ٹریننگ کی تکمیل کے بعد تمام ملازمین کا ریکارڈ متعلقہ ٹاؤن کارپوریشن کے حوالے کر دیا جائے گا۔یاد رہے کہ اب تک تمام بلدیاتی ملازمین کو اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ فنانس سے رجوع کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین اور ان کی بیواؤں کو ہر ماہ بقایا جات کے اصول کے لیے بلدیہ عظمیٰ کے متعلقہ شعبوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کے مئیر کی طرف سے تمام پنشنرز کے بقایا جات متعلقہ اداروں سے ادا کیے جانے کے فیصلے سے ریٹائرڈ ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔