مزید خبریں

چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 4رنز سے شکست

 

لاہور (سید وزیرعلی قادری) چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ مہمان نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے ٹم رابنسن 51 اور ڈین فوکس کرافٹ 34 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ٹام بلینڈل نے 28 اور مائیکل بریسویل نے 27 رنز بنائے، جوش کلارکسن صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسامہ میر اور افتخار احمد نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹ پر 174 رنز بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان 61 رنز بناکر نمایاں رہے، افتخار احمد 23 ، صائم ایوب 20 اور عثمان خان نے 16 رنز بنائے۔ عماد وسیم 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ڈیو فیکٹر کی وجہ سے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئیں، محمد رضوان اور عرفان خان کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے محمد عامر ، عماد وسیم ، فخر زمان اور زمان خان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا۔ نیوزی لینڈ ٹیم میں بھی 3 تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ واضح رہے پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مہمان ٹیم کو 1-2 سے برتری حاصل ہوگئی۔