مزید خبریں

ریسکیو 1122 کا قیام عوام کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے،حاجی نعیم شیخ

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد سماجی اتحاد کے سرپرست اعلیٰ حاجی نعیم شیخ کی قیادت میں وفد نے ریسکیو 1122 حیدرآباد کے ایمرجنسی آفیسر کمانڈر روشن علی مہتر اور ڈپٹی کمانڈر و اسٹیشن انچارج پیر یاسین شاہ راشدی سے ان کے دفتر واقع نیاز اسٹیڈیم میں ملاقات کی۔ وفد میں سول سوسائٹی نیٹ ورک ایچ ایس آئی کے چیئرمین ندیم قادری، جنرل سیکرٹری کوثر فرید سلاوٹ، خازن اسلم انصاری، اتحاد میں شامل سماجی تنظیموں کے ذمہ داران سجاد خان، حاجی فقیر محمد قریشی، اظہر علی منگریو، ڈاکٹر خالد آرائیں، یاسین جتوئی اور ہارون آرائیں شامل تھے۔ اس موقع پر ایمرجنسی آفیسر کمانڈر روشن علی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے بعد سندھ بھر کے لیے حیدرآباد میں ریسکیو 1122 کنٹرول اسٹیشن قائم کیا گیا ہے جس کی نئی بلڈنگ گزشتہ 6 ماہ سے کام کررہی ہے جبکہ گزشتہ 2 سال سے عوام کو بلا معاوضہ ریسکیو سروس فراہم کررہے ہیں۔ اس وقت حیدرآباد میں 60 افراد پر مشتمل اعلیٰ تربیت یافتہ عملہ کام کررہا ہے جبکہ سندھ بھر میں 500 ملازمین کام کررہے ہیں اور سندھ کے ہر ڈویژن میں عملہ موجود ہے جنہیں حیدرآباد سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ روشن علی نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے لیے 20 ایمبولینس مکمل سازو سامان کے ساتھ ہمہ وقت تیار رہتی ہیں جن میں 5 ایمبولینس میں وینٹی لیٹر کی سہولت بھی موجود ہے۔ روشن علی نے کہا کہ ریسکیو 1122 کو روزانہ کم و بیش 12 ہزار فون کالز موصول ہوتی ہیں جن میں 5 ہزار کے قریب فون کالز فیک ہوتی ہیں ریسکیو 1122 کا عملہ اعلیٰ تربیت یافتہ اور جدید سازو سامان کے ساتھ ریسکیو کے کاموں میں بڑی مہارت کے ساتھ حصہ لیتا ہے۔ روشن علی نے کہا ریسکیو 1122 کی افادیت سے عوام کو زیادہ سے آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں میڈیا اور سماجی تنظیموں کا تعاون درکار ہے تاکہ ہم زیادہ سے زیادہ عوام کی خدمت کرسکیں۔ روشن علی نے حیدرآباد سماجی اتحاد کے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ریسکیو 1122 کے مختلف شعبوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی ۔اس موقع پر اتحاد کے سرپرست اعلیٰ حاجی نعیم شیخ نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی حیدرآباد میں کارکردگی قابل ستائش ہے جسے مزید اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرسکے۔ اس سلسلے میں حیدرآباد سماجی اتحاد اور اس میں شامل سماجی تنظیمیں ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر ریسکیو کے کام کرنے اور عوام کو آگاہی فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار کریں گی۔ چیئرمین ندیم قادری نے کہا کہ ریسکیو 1122 حیدرآباد کا قیام سندھ کے عوام کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا، فلاحی اور ریسکیو کے کاموں میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ جنرل سیکرٹری کوثر سلاوٹ نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی افادیت کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم بے حد ضروری ہے تاکہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اُٹھایا جاسکے۔