مزید خبریں

قومی اداروں کی نجکاری مزدور دشمن اقدامات ہیں،عبداللطیف

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز اور آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ قومی اداروں کی نجکاری، مہنگائی، بیروزگاری ، بجلی و گیس کے بلز میں روز افزاں اضافوں ، محنت کشوں کے مسائل ، حکومت کے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے کہنے پر مزدور دشمن اقدامات، آئندہ بجٹ میں محنت کشوں کی تنخواہ میں مہنگائی کی تناسب سے اضافہ، ملک میں جاری لاقانونیت، چوری، ڈکیتیوں اور بلوچستان میں بے گناہ انسانوں کے قتل عام کے خلاف یکم مئی کو ملک بھر میں بطور یوم احتجاج منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کے منعقدہ مرکزی اجلاس لاہور سے واپسی پر لیبر ہال میں صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یونین کے صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان، اعظم خان، محمد حنیف خان ، الہ دین قائمخانی ، نور احمد نظامانی، ہاشم علی، ریجنل چیئرمین عابد علی شاہ ، نور احمد سومرو ، عبدالجبار عباسی، زونل چیئرمین ملک روشن ، راجہ آفریدی، اکرم خان، مہر اللہ خان، ساجد اللہ راجپوت، حافظ عبدالکریم، قمر الدین شمس ، سراج بیگ، ایاز گائیچو بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد مزدور عبداللطیف نظامانی نے بتایا کہ گزشتہ دنوں لاہور میں فیڈریشن کا مرکزی اجلاس منعقد ہوا جس میں واپڈا کے علاوہ فیڈریشنز سے منسلک اداروں کے نمائندگان نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس اجلاس میں قومی اداروں ، پی آئی اے، مالیاتی ادارے ، کے پی ٹی اور مفادعامہ کا قومی ادارہ محکمہ بجلی اور اس کی تقسیم کار کمپنیوں کی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ایماء پر نجکاری اور بندر بانٹ، ملک میں جاری ہوشربا مہنگائی ، بے روزگاری بجلی ، گیس و پیٹرولیم مصنوعات اور اجناس ضروریات میں روز افزاں اضافوں، سرکاری، صنعتی اور ڈیلی ویجز ملازمین کے مسائل، حکومت کی جانب سے مزدور دشمن اقدامات ، پنشن اور گریجویٹی میں کٹوتی ، آئندہ بجٹ میں محنت کشوں کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ ، ملک میں جاری لاقانونیت چور چکاری ، لوٹ مار اور بلوچستان و دیگر علاقوں میں بے گناہ انسانوں کا قتل عام کے خلاف فیصلہ کیا گیا ہے کہ یوم مئی کو ملک بھر میں فیڈریشنز کے بینر تلے جلوسوں کو بطور احتجاج منایا جائے گا اور محنت کشوں سے جاری رکھا جانے والے عمل پرحکومت کی مذمت کی جائے گی۔