مزید خبریں

دادو : وزیر اعلیٰ کے آبائی علاقے میں جعلی سگریٹ بنانے والی فیکٹری پر چھاپا

دادو (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے آبائی علاقے وڈا مناہیوں میں ایف بی آر انویسٹی گیشن ونگ نے جعلی سگریٹ بنانے والے فیکٹری پر چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری کو سیل کرکے ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ فیکٹری ویئر ہائوس کے اندر پیٹرول پمپ کی آڑ میں چلائی جا رہی تھی، فیکٹری میں خام مال سے مضر صحت سگریٹ تیار کی جارہی تھی، فیکٹری غیر رجسٹرڈ تھی، ماہانہ کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری کی جا رہی تھی، جعلی سیگریٹ فیکٹری میں روزانہ ہزاروں سگریٹ کی پروڈکشن ہورہی تھی، ابتدائی تخمینے کے مطابق ماہانہ 27 کروڑ روپے ٹیکس کی چوری کی جا رہی تھی، جعلی سگریٹ فیکٹری میں موجود تمام سامان ضبط کر لیا گیا، جبکہ چھاپا مار کارروائی میں 4 ملازم بھی گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فیکٹری وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے قریبی ساتھی شمن راہپوٹو کی سرپرستی میں چل رہی تھی، کمپنی کا انتظام شمن راہپوٹو کا بھانجا فیاض راہپوٹو سنبھال رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے قریبی ساتھی ہونے کی وجہ سے بااثر شخصیات کو تمام کارروائی سے بچانے کے لیے اثر رسوخ استعمال کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سگریٹ کے استعمال سے علاقے میں کینسر سمیت دیگر موذی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔