مزید خبریں

میرپورخاص،عوام کو آبی قلت کا سامنا،بیشتر علاقے پانی سے محروم

میرپورخاص( نمائندہ جسارت)میرپورخاص کربلا کا منظر پیش کرنے لگ گیا شہر کے 75 فیصد علاقوں میں پینے کا پانی ناپید ہو گیا،شہری مہنگے داموں بازار سے پینے کا پانی خریدنے پر مجبور ہو گئے،شہر کا جیالا میئر ڈپٹی میئر اور 22 چیئرمین پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو بنیادی سہولت دینے میں ناکام۔تفصیلات کے مطابق میرپور خاص شہر کے علاقوں ٹورآباد، ڈھولن آباد آدم ٹاؤن عمرکوٹ روڈ ،تھامس اباد اورنگ آباد سمیت دیگر علاقے اس وقت واٹر سپلائی کے پانی سے محروم نظر اتے ہیں شہریوںناصر خان ،حسیب احمد، آصف اور دیگر کا کہنا ہے کہ ہمارے علاقوں میں گزشتہ ایک ماہ سے پینے کا پانی نہیں آرہا ہے جبکہ اس حوالے سے میئر میرپورخاص عبدالرؤوف غوری اور متعلقہ افسران کو کئی بار آگاہ کیا جا چکا ہے مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی واٹر سپلائی کے ذریعے پانی نہ انے کی وجہ سے شہری مہنگے داموں بازار سے پینے کا پانی خریدنے پر مجبور نظر آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پینے کے پانی کی بندش کا فائدہ پانی فروخت کرنے والوں کو فراہم کیا جا رہا ہے متعلقہ افسران سے جب رابطہ کیا گیا تو کبھی کہتے ہیں کہ پائپ لائن لیکیج ہو گئی ہے کبھی کہتے ہیں کہ موٹر جل گئی ہے اور کبھی لائٹ نہ آنے کا ایشو بنایا جاتا ہے طرح طرح کے بہانے بتائے جاتے ہیں واضح رہے کہ میرپورخاص میں میئر، ڈپٹی میئر اور 22 یو سی چیئرمینوں سمیت لا تعداد کونسلروں کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے جو کہ شہریوں کو بنیادی سہولت فراہم کرنے میں مکمل ناکام نظر آتے ہیں۔ شہریوں نے بلاول بھٹو زرداری ،وزیراعلیٰ سندھ ،وزیر بلدیات سندھ سمیت اعلیٰ انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ میرپورخاص شہریوں کو پینے کا پانی فراہم کیا جائے بصورت دیگر میونسپل کارپوریشن کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوں گے۔