مزید خبریں

پلاسٹک آلودگی سے ماحول کو نقصان پہنچ رہا ہے،مقررین

سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ کے صوبائی وزیر برائے ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی دوست محمد راہموں کی ہدایات پر سیکرٹری نبیلہ عمر اور ڈائریکٹر جنرل سندھ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (SEPA) نعیم احمد مغل نے انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی سکھر کے ریجنل انچارج اجمل احمد میمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسلم پرویز شیخ کی سربراہی میں گورنمنٹ مہران اسکول تانگہ اسٹینڈ سکھر میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں بچوں کو زمین کے عالمی دن کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ سیمینار میں ہیڈ ماسٹر مہران اسکول سکھر عبدالشکور ڈیرو اور سیپا کے عہدیداران، طلبا اور دیگر متعلقہ اسٹاف نے شرکت کی۔ آگاہی سیمینار میں سیپا کے ریجنل انچارج نے کہا کہ پلاسٹک آلودگی کی سب سے بڑی وجہ ہے جس سے ماحول کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس سال یہ دن ‘سیارہ بمقابلہ پلاسٹک’ کے کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ اس میں بین الاقوامی تنظیم پلاسٹک کی بڑھتی ہوئی آلودگی کو روکنے کے لیے عوام میں آگاہی اور پلاسٹک کی عادات کو بدلنے پر زور دے رہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اسلم پرویز شیخ نے کہا کہ ماحول کو بہتر بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں اور پلاسٹک کے بجائے کاغذ کے لفافے، کپڑے کے تھیلے اور کھجور کے پتوں سے بنی ٹوکریاں روزمرہ کے کاموں میں استعمال کی جائیں۔ سیمینار میں اسکول کے بچوں نے ٹیبلوز بنائے اور پلاسٹک کے خطرات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سیپا کی جانب سے بچوں میں کپڑوں کے تھیلے بھی تقسیم کیے گئے۔