مزید خبریں

اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی،100 انڈیکس پہلی بار 72 ہزار کی سطح عبور کر گیا

کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان مسلسل گزشتہ روز بھی جاری رہا اور100انڈیکس نے 72 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرکے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ اچھے مالیاتی نتائج، شرح سود میں ممکنہ کمی اور مثبت معاشی اشاریوں کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں انڈیکس نئی بلند سطح پر پہنچ گیا۔ اسٹاک مارکیٹ میں 692 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 72 ہزار 51 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ہے‘32کروڑ سے زاید کے شیئرکے سودے ہوئے‘ مارکیٹ کا مجموعی حجم 15ارب82 کروڑ روپے سے زاید رہا۔ غیر ملکی سرمایہ
کاروں نے سیمنٹ، بینکنگ سمیت دیگر شعبوں میں خریداری کی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مثبت بات چیت اور سعودی عرب کی جانب سے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں پیش رفت کے دوران سرمایہ کاروں کا مارکیٹ پر اعتماد بحال ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ریئل اسٹیٹ میں ٹیکسز میں اضافہ کرتی ہے تو سرمایہ کاروں کا اسٹاک مارکیٹ میں رجحان بڑھے گا۔