مزید خبریں

چینی کی مصنوعی قلت ، فی بوری قیمت میں 100روپے اضافہ

کراچی (کامرس رپورٹر) چینی کی مصنوعی قلت کے باعث فی بوری قیمت میں 100روپے کااضافہ کر دیاگیا،ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی بوری 7200 روپے تک فروخت ہونے لگی،ملک بھر کے مختلف علاقوں میں چینی مافیا بے لگام ہونے لگا، مصنوعی قلت پر قابو نہ پایا جاسکا، اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت نے بھی سر اٹھانا شروع کر دیا ہے جس کے بعد چینی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں ا?رہا ہے،چینی کی ایکس مل پرائس میں بھی ایک سے دو روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔پرچون میں چینی 155 سے 160 روپے کلو تک فروخت ہونے لگی ہے۔موجودہ اضافے کے بعد گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی فی بوری قیمت میں 500 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آہستہ آہستہ چینی کی قیمت میں بڑھوتری مسلسل جاری ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے پر ٹرانسپورٹیشن کے نام پر بھی چینی مہنگی کی جانے لگی ہے۔اس حوالے سے چینی کے ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں چینی نایاب ہے اس لئے ہمیں مل نہیں رہی جس کی وجہ سے ہم قیمتوں میں اضافہ کرنے پر مجبور ہیں۔مختلف شہروں کی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن نے چینی کی بیرون ملک بھجوانے کی کوششوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے سے مستقبل قریب میں چینی کا بحران پیدا ہو جائے گا، چینی دوبارہ180 روپے سی200 روپے کلو تک پہنچ جائیگی۔شوگر ملز ایسوایشن (پنجاب زون ) کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ حقائق درست نہیں کہ چینی کی ایکس مل قیمتیں 145 روپے سے بڑھ کر 150 روپے فی کلو ہو گئی ہیں۔یاد رہے کہ لاہور میں عید سے پہلے چینی 133 روپے فی کلو تھی۔