مزید خبریں

تاجروں سے ٹیکسز کی ادائیگی میں تعاون کی درخواست

پشاور (کا مرس ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی فوزیہ اقبال نے منگل کو اپنی ٹیم کے ہمراہ سیکرٹری محکمہ آبپاشی محمد طاہر اورکزئی اور سیکرٹری معدنیات مطہر زیب کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی اور انہیں سیلز ٹیکس آن سروسز کی ادائیگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈی جی کیپرا اور ان کی ٹیم نے دونوں محکمہ جات کے سربراہان سے ٹیکسز کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے ان محکمہ جات سے متعلقہ مختلف شبہ جات میں تعاون کی درخواست کی۔ڈی جی کیپرا نے سیکرٹری معدنیات کو بتایا کہ ان کی ٹیم کو محکمہ معدنیات کی جانب سے جاری کیے جانے والے لیز ہولڈرز کا ڈیٹا درکار ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کو یہ بھی بتایا گیا کہ بعض پراجیکٹس جن سے ٹیکس کی ادائیگی پہلے ہو رہی تھی وہ رک گئی ہے اور ساتھ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سابقہ فاٹا اور پاٹا کو ٹیکس سے حاصل استثنا یکم نومبر 2023 سے ختم ہو گیا ہے لہذا ان علاقوں میں سے ٹیکس کی وصولی شروع کی جائے۔اس موقع پر سیکرٹری معدنیات مطہر زیب نے اپنی ٹیم کی جانب سے ڈی جی کیپرا کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور بتایا کہ کیپرا ان کا اپنا ادارہ ہے اس لیے ان سے جتنا ممکن ہوگا کیپرا کے افسران کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔