مزید خبریں

کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے،جلال الدین مہر

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز جلال الدین مہر نے صوبائی وزیر کھیل اور امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر کی ہدایت پر سندھ کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں نوجوان ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ نوجوان ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آسکے اور صوبائی و قومی سطح پر سندھ کا نام روشن کر سکے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف انجینئر محمد اسلم مہر، ڈپٹی ڈائریکٹر سکھر میر محمد کلہوڑو، ڈی ایس او خیرپور اخلاق احمد میمن، ڈی ایس او سکھر نثار احمد چانڈیو بھی موجود تھے، اسلم مہر نے سندھ میں جاری ڈیولپمنٹ اسکیموں کے حوالے سے مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا۔ جلال الدین مہر نے انہیں تاکید کی کہ جتنی جلد ممکن ہو سکے ان اسکیموں کو مکمل کیا جائے تاکہ کھلاڑیوں کا مزید وقت ضائع نہ ہو اور وہ جلد از جلد سہولیات سے فائدہ اٹھاکر اپنی کارکردگی میں نہ صرف نکھار لائیں بلکہ بہتر نتائج بھی دے سکیں۔ سندھ میں جتنے گرائونڈ اور کمپلیکس ہیں ان کی تزئین و آرائش کے لئے بھی بہتر اقدامات کررہے ہیں تاکہ صوبائی سطح کے مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کو وہ تمام سہولیات میسر آسکیں جو صوبائی سطح کے ایونٹ کے لئے ضروری ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے کھلاڑیوں میں کٹس بھی تقسیم کیں جبکہ شکارپور جم کے لئے ویٹ لفٹنگ کا سامان دینے کا اعلان کیا۔