مزید خبریں

امریکی حکومت گن کنٹرول میں ناکام ، اساتذہ کو مسلح ہونے کی اجازت

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست ٹینسی کے قانون سازوں نے بل منظور کرلیاجس کے تحت اساتذہ کو اسکول میں چھپا کر اسلحہ لے جانے کی اجازت ہوگی۔ ٹینسی کے ریپبلکن اکثریت کے حامل ایوان میں بل 28کے مقابلے میں 68 ووٹوں سے منظور کیا گیا۔اس دوران مخالفین نے گیلری سے بل کی مخالفت میں نعرے لگائے۔گزشتہ سال نیشول کے ایک سکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 3بچے اورعملے کے 3افرادہلاک ہوگئے تھے۔اس کے بعد سے ریاست میں اسلحہ کے قوانین پر گرما گرم بحث جاری تھی۔ ایوان میں موجود ڈیموکریٹس نے مظاہرے کیے جس کے نتیجے میں انہیں گزشتہ سال مختصر مدت کے لیے نکال دیا گیاتھا۔ریاست کے نمائندے اور ڈیموکریٹ جسٹن پیئرسن کا کہنا تھا کہ یہ بل ہمارے بچوں، ہمارے اساتذہ اور برادریوں کے لیے ایک خوفناک ہے۔ بچوں کی حفاظت کے بجائے انہوں نے بندوقوں کی دوبارہ حفاظت کی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق 25 سالوں میں امریکا میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات کے جواب میں ریپبلکن اور دیگر قدامت پسند ارکان نے اکثر اساتذہ کو مسلح کرنے پر زور دیا ہے۔ ان اقدامات کے حامیوں کا خیال ہے کہ مسلح اساتذہ اسکول میں ممکنہ فائرنگ کرنے میں جوابی اقدام کرسکتے ہیں۔ مخالفین کا خیال ہے کہ اسکول میں ہتھیار صرف افسوسناک حادثاتی فائرنگ کا باعث بنیں گے ۔ گفورڈز لا سینٹر کے مطابق امریکا کی تقریباً نصف ریاستیں اساتذہ یا اسکولوں کے دیگر ملازمین کو اسکول کے میدانوں میں اسلحہ لے جانے کی اجازت دیتی ہیں۔ ٹینسی بل کے تحت کوئی بھی شخص جو کسی اسکول میں چھپا کر بندوق لے جانا چاہے، اسے کم از کم 40 گھنٹے کی تربیت مکمل کرنا ہو گی اور اسلحہ کے ساتھ تربیت کا معاوضہ متعلقہ فرد کو ادا کرنا ہوگا۔ بل کے مطابق بندوق رکھنے والے استاد یا عملے کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی۔ اسکول انتظامیہ کو اس شخص کو بندوق رکھنے کی منظوری دینی ہو گی اور قانون نافذ کرنے والے مقامی افراد کو متعلقہ شخص کی شناخت سے آگاہ کیا جائے گا۔