مزید خبریں

چار پولیس اہلکاروں کے قتل کامعاملہ‘ملزم کو4مرتبہ سزائے موت کاحکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی کے علاقے میں حنیف نہاری پر کھانا کھانے والے چار پولیس اہلکاروں کے قتل کا کیس ،عدالت نے ملزم آصف کٹو کو جرم ثابت ہونے پر چار مرتبہ سزائے موت کا حکم دے دیا ۔عدالت نے ملزم پر مجموعی طور پر 8 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا ،عدالت نے ملزم کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد بھی تحویل میں لینے کا حکم دیا،عدالت نے سہولت کاری کے الزام میں گرفتار ملزم فہیم لودھی کو بری کردیا سرکاری وکیل کے مطابق ملزمان نے 12 جولائی 2015 ء کو حنیف نہاری پر کھانا کھانے والے چار پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی ،ملزمان کی فائرنگ سے عقیل احمد ،محمد انور،جمیل احمد اور محمد اختر جاں بحق ہوگئے تھے ،کیس میں مفرور دو ملزمان بلال اور عبدالسلام پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں ،ملزم آصف کٹو کو دو عینی شاہدین نے شناخت کیا تھا ،ملزم آصف کٹو سے برآمد اسلحہ اور جائے وقوع سے ملنے والی گولیوں کے خول میچ ہوئے تھے ،ملزم پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد انکا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے تھے ،ملزمان کے خلاف زمان ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج تھا۔