مزید خبریں

پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری

لاہور( این این آئی)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہیں ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔مریم نواز نے پنجاب میں صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے اتھارٹی کے قیام کیلیے قانون سازی کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔اجلاس کے دوران انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کیلیے 11قوانین، رولز اور آرڈیننس میں ترامیم کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔منصوبے کے تحت پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل میں بھی انفورسمنٹ اتھارٹیز قائم کی جائیں گی، صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کی سربراہی چیف سیکرٹری کریں گے جبکہ ڈی جی بھی تعینات ہو گا، ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اتھارٹی میں ڈپٹی کمشنر جبکہ تحصیل انفورسمنٹ اتھارٹی کا سربراہ اے سی ہو گا۔انفورسمنٹ اتھارٹیز سرکاری اراضی پر قبضوں سمیت دیگر سپیشل ٹاسک سرانجام دیں گی، اتھارٹی کو پرائس کنٹرول، سرکاری زمینوں پر قبضے، تجاوزات اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کے اختیارات ہوں گے۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں انفورسمنٹ اتھارٹیز کو 6 ماہ میں فعال کرنے کی ہدایت کردی۔