مزید خبریں

مویشی مالکان کو چارے کے بیج فراہم کر رہے ہیں، نظام جمالی

کوٹری (نمائندہ جسارت) ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اینڈ اینیمل ہسبنڈری ضلع جامشورو ڈاکٹر نظام الدین جمالی نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے پروگویسو فارمرس کو تجرباتی بنیادوں پر مویشیوں کو بہتر خوراک مہیا کرنے کے لیے مویشی مالکان کو چارے کے بیج فراہم کررہے ہیں جس سے جانور صحتمند اور تندرست رہیں۔ یہ بات انہوں نے محکمہ لائیواسٹاک ضلع جامشورو کی جانب سے اعلیٰ اقسام کے چارے کے بیج کوٹری اور مانجھند کے گوٹھوں میں مویشی مالکان کو فراہم کرنے کے موقع پر کہی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نظام الدین جمالی نے پروگرام کے حوالے سے بتایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے پروگویسو فارمرس کو مختلف چارے کے بیج دیے گئے ہیں تاکہ جانوروں کے چارے کی کمی کو پورا کیا جائے بلکہ یہ چارہ بیرونی ممالک سے درآمد کرکے مویشی مالکان کو فراہم کرنے کا مقصد چارے کی کمی کو دور کرنا اور دودھ کی پیداوار میں بھی اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام ویٹرنری سینٹر فعال حالت میں اپنا کام ایمانداری سے سرانجام دے رہے ہیں اور سینٹروں پر ویٹرنری ڈاکٹرز و عملہ جانوروں کے علاج میں مصروف ہیں تاکہ مویشی مالکان کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔