مزید خبریں

عوام کو آلودگی سے پاک صحت مند ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،فراز حسیب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے کہا ہے کہ لیاقت آباد ٹاؤن کے عوام کو آلودگی سے پاک صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے عوام کو انکی دہلیز پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور انکے مسائل کے حل کے لیے شب و روز کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئر مین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے یونین کمیٹی نمبر 02 شریف آبادمیں منصورہ منی اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے کام معائنے کے دوران کیا ۔اس موقع پر وائس چیئرمین لیاقت آباد ٹائون اسحاق تیموری،متعلقہ یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین، ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی، ڈائریکٹر بی اینڈ آ ر شفقت عالم و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ فراز حسیب نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو بلدیاتی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں، اس سلسلے میں شریف آباد میں منی اسپورٹس کمپلیکس قائم کیا جارہا ہے، جہاں بچوں کے کھیل کو دکی سہولتوں کے ساتھ نوجوانوں کو ان ڈور گیمز کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جس میں ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، جمناسٹک، اور دیگر ان ڈور گیمز شامل ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اختیارات سنبھا لنے سے قبل لیاقت آباد ٹائون کے پارکوں کی حالت ابتر تھی اور پارکوں میں تجاوزات مافیا نے اپنے اڈے قائم کر رکھے تھے جس کی وجہ سے علاقہ مکین خاص طور پر بچے اور خواتین پارکس میں نہیں آتے تھے اور یہ پارکس اجڑے ہوئے تھے۔ چیئرمین فراز حسیب نے کہا کہ ہم نے اختیارات سنبھالتے ہی اس معاملے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے لیاقت آباد ٹائون کے محکمہ پارکس کو متحرک کیا اور خوش قسمتی سے ہمیں اچھی ٹیم ملی جس نے لیاقت آباد ٹائون کے اجاڑ پارکس اور پلے گرائونڈز کی مرمت اور تزئین و آرائش کے بعد ان پارکوں کواس قابل بنایا جہاں سبزہ، پودے،جھولے اور بچوں کے لیے دیگر تفریحات فراہم کی گئیں۔ فراز حسیب نے منصورہ اسپورٹس کمپلیکس میں لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ لیاقت آباد ٹائون کے تمام پارکس و پلے گرانڈز کو جلد از جلد بحال کرکے عوام کے حوالے کردیا جائے۔