مزید خبریں

متحدہ عرب امارات میں معمولات زندگی بحال

شارجہ (رپورٹ‘ محمد عمران چودھری) متحدہ عرب امارات میں طوفان کے بعد معمولات زندگی بحال ہوگئے ہیں، اہم سڑکیں کھل چکی ہیں، شارجہ کے جن علاقوں میں جمع ہوا پانی نکالنے کے لیے حکام دن رات کام کر رہے ہیں، بڑے بڑے ٹینکرز اور پمپوں کے ذریعے پانی نکالنے کیلیے ہزاروں لوگ 24 گھنٹے کام کررہے ہیں، رضاکار بھر پور ساتھ دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ بارش کے دوران گھروں میں محصور افراد کو کشتیوں اور دیگر ذرائع سے راشن پہنچایا گیا، خراب سڑکوں کی درستگی کی جارہی ہے، یہ تاریخ کی بڑی بارش تھی، یہاں ندی نالے اور دریا نہیں ہیں، اس لیے
پانی نکالنا بھی ایک مشکل کام ہے، ڈرینج سسٹم بھی بند ہوجاتا ہے، شدید بارش میں کچرا سڑکوں، کوڑے دانوں اور ڈرموں سے بہہ جاتا ہے لیکن قابل تعریف ہیں یو اے ای کی اتھارٹیز جو دن رات عوام کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کررہے ہیں، سب سے اہم چیز ہر قسم کی سپلائی جاری ہے، یہاں کوئی مال اسٹاک نہیں کرتا، گروسری اسٹور اور سپر مارکیٹوں سے ضروریات زندگی کی تمام چیزیں مل رہی ہیں، اس مشکل وقت میں اہل پاکستان اماراتی بھائیوں کے مشکور بھی ہیں اور ساتھ بھی کھڑے ہیں، یہاں ہمارے بہت سارے پاکستانی بھی ہر قسم کی مدد کر رہے ہیں جو کہ انتہائی قابل تحسین ہے، اس کے ساتھ ہماری ایمبیسی اور قونصلیٹ بھی پاکستانیوں کی ہر قسم کی مدد کررہا ہے۔