مزید خبریں

آزاد و مقبوضہ کشمیر میںراجا حیدر کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

کراچی ( رپورٹ \محمدعلی فاروق )آزاد و مقبوضہ کشمیر میں غازی ملت راجا محمد حیدر خان کی 58ویںبرسی عقیدت و احترم سے منائی گئی۔اس ضمن میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شیخ عبدالماجد نے شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نمائندہ جسارت کو بتایا کہ غازی ملت بطل حریت راجا محمد حیدر خان نے تقسیم ہند کے بعد ڈوگرہ راج کے خلاف کشمیریوں کے حقوق اور منصفانہ مقصد کے حصول کے لیے اپنی زندگی صرف کی ہے۔ جموں و کشمیر کے ہندو مہاراجا کے خلاف تحریک آزادی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے اہم مزاحمتی کردار اور ان کی خدمات نا قابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم سے پہلے راجا حیدر خان نے مظفرآباد اور گردونواح میں مسلم دشمن مہاراجا کے خلاف مزاحمتی تحریک کی قیادت کی۔ 1947ءمیں کشمیر کی آزادی کی جنگ میں آزادی کی سرگرمیوں میں شمولیت اختیار کی، مظفرآباد،پونچھ کے علاقوں میں جدوجہد آزادی کو منظم کیا اور ڈوگرہ افواج کو تمام علاقے چھوڑنے پر مجبور کیا۔حریت رہنما نے کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف کی سوچ و فکر کی تکمیل پر عمل پیرا ہوکر ہر ممکن ذرائع بروئے کار لائے جائیں تاکہ کشمیری عوام وہ مقام و منزل پا سکیں جس کے لیے انہوں نے 7 دہائیوں سے ان گنت قربانیاں دی ہیں،کشمیری عوام کی قربانیوں کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمے داری ہے اور اگر ہم نے اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برتی توتاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔