مزید خبریں

اسرائیل کا ایران پر حملہ عالمی جنگ کا سبب بن سکتاہے، شجاع الدین

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)اسرائیل کا ایران پر میزائل حملہ عالمی جنگ کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ یکم اپریل کو اسرائیل نے شام میں ایران کے کونسل خانہ پر حملہ کیا تھا جس میں 2 جرنیلوں سمیت کئی افراد جاں بحق ہوگئے تہے۔ اس کے جواب میں ایران نے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل کے ذریعہ کاروائی کی۔ حقیقت یہ ہے کہ ایران اسرائیلی جارحیت کا جواب دینے میں حق بجانب تھا، اگرچہ اسرائیل کو کوئی قابلِ ذکر نقصان پہنچانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ اب اسرائیل کا ایران کے شہر اصفہان پر میزائل داغنا نہ صرف بدترین ریاستی دہشت گردی ہے بلکہ دنیا کے امن کو تاراج کرنے کے طویل المعیاد قبیح صہیونی منصوبہ کا حصہ ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ ایران میں کسی بڑے نقصان کی خبر نہیں آئی۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسرائیل کی شدید خواہش ہے کہ امریکا، مغربی یورپ، چین اور روس کو بلاواسطہ مشرق وسطی کی جنگ میں گھسیٹا جائے۔ پھر یہ کہ اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے اسرائیل جس طرح بعض مسلمان ممالک کی فضائی حدود کو استعمال کر رہا ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ صہیونی ریاست یہ بھی چاہتی ہے کہ مسلمان ممالک آپس میں دست و گریباں ہو جائیں۔ انہیں نے کہا کہ یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ غزہ میں ساڑھے چھ ماہ سے جاری بدترین درندگی کے باعث غزہ کے غیور مسلمانوں کی شہادتوں نے پوری دنیا کے عوام کا ضمیر جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے اور اب دنیا بھر میں ناجائز صہیونی ریاست کو نفرت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ لہٰذا اسرائیل غزہ میں جاری وحشیانہ قتل و غارت گری سے بھی دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ امیرتنظیم نے زور دے کر کہا کہ مسلمان ممالک اپنے اصل دشمن کو پہچانیں اور متحد ہو کر اسرائیل کی جارحیت اور مظالم کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کریں۔